بنیادی صفحہ / دیگر سپورٹس / دوسرا ٹیسٹ: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 109 رنز سے شکست دے دی، سیریز برابری پر ختم

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 109 رنز سے شکست دے دی، سیریز برابری پر ختم

اسلام آباد (عارف محمود خان، سپورٹس لائف) پاکستان کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز 329 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 219 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دوسری اننگز میں 4 اور میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ نعمان علی نے 3 اور حسن علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

گزشتہ روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز 176 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 329 رنز کا ہدف دیا تھا اور ویسٹ انڈیز نے کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ پر 49 رنز بنائے تھے۔

پانچویں روز ویسٹ انڈیز نے 49 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوسری اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 219 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر 47 اور کپتان کریگ بریتھویٹ 39رنز بنا کر نمایاں رہے۔

کنگسٹن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹوں پر 302 رنز بناکر ڈکلیئر کردی تھی جس میں فواد عالم کی ناقابل شکست 124 رنز کی اننگز شامل تھی۔

جواب میں پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز میں 150 پر ڈھیر کردیا تھا۔ شاہین آفریدی نے 6 اور محمد عباس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 109 رنز سے شکست دے دی اور یوں 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز ایک ایک سے برابری پر ختم ہو گئی۔

تعارف: عارف محمود خان

جواب لکھیں

آپ کا ای میل شائع نہیں کیا جائے گا۔نشانذدہ خانہ ضروری ہے *

*